ڈریپ نے وبا کیلئے ویکسین استعمال کرنے کی اجازت دیدی

08:47 PM, 16 Jan, 2021

اسلام آباد: ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ملک میں عالمی وبا کے لئے پہلی ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔ ڈریپ کے بورڈ نے برطانیہ میں استعمال ہونے والی ویکسین آسٹرازنیکا کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی ہے اور منظوری ملنے پر ویکسین کو درآمد کیا جائے گا جس کے بعد شہریوں کو استعمال کرنے کی اجازت مل جائے گی۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی کمپنی کی جانب سے بنائی جانے والی ویکسین کے استعمال کی اجازت کراچی کی ایک دوا ساز کمپنی نے مانگی تھی ۔

ڈریپ کی جانب سے اجازت ملنے پر اب یہ کمپنی ویکسین درآمد کرے گی اور اس کی قیمت حکومت طے کرے گی۔ آئندہ ڈریپ بورڈ اجلاس میں مزید دو سے تین ویکسین کی پاکستان درآمد کی اجازت متوقع ہے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید 45 افراد جاں بحق ہو گئے اور جس کے بعد اموات کی تعداد دس ہزار 908 ہو گئی۔ پاکستان میں عالمی وبا سے متاثرہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد پانچ لاکھ 16 ہزار 770 ہو گئی۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں دو ہزار 432 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور پنجاب میں ایک لاکھ 48 ہزار 488 جبکہ سندھ میں دو لاکھ 33 ہزار 396 اور خیبر پختونخوا میں 62 ہزار 996 اور بلوچستان میں 18 ہزار 537 کیس رپورٹ ہوئے۔ گلگت بلتستان میں چار ہزار 882 اور اسلام آباد میں 39 ہزار 888 جبکہ آزاد کشمیر میں آٹھ ہزار 583 کیسز رپورٹ ہوئے۔ 

مزیدخبریں