الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں پہلے تحریک انصاف کا فیصلہ سنائے، بلاول کا مطالبہ

07:54 PM, 16 Jan, 2021

کراچی: بلاول بھٹو زرداری نے کہا الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ کیس میں پہلے تحریک انصاف پھر دوسروں کا فیصلہ سنائے اور بیک ڈور رابطوں سے انکار کرتا ہوں لیکن ہمیشہ کی طرح اس طرح کی خبریں پھیلائی جاتی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خراب معاشی صورت حال حکومت کے خلاف مضبوط چارج شیٹ ہے اور پاکستان کی گروتھ افغانستان اور بنگلہ دیش سے پیچھے ہونا شرمناک بات ہے اور بجلی، گیس، پیٹرول کی قیمتوں کو ایک ماہ میں چار، چار مرتبہ بڑھایا جاتا ہے اور یہ کٹھ پتلی کی حکومت غریب دشمن پالیسیاں بنا رہی ہے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام تاریخی مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے اور موجودہ حکومت کی ناکامیوں کو برداشت کر رہے ہیں اور معیشت صیح سمت میں نہیں چل رہی اور ان کی تمام پالیسیاں بھی فیل ہو چکی ہیں جبکہ عام آدمی کے مسائل کا علم نہیں ہے۔ 

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے پی ڈی ایم نے وزیراعظم سے استعفی مانگا ہے کیونکہ ناجائز وزیراعظم کو مستعفی ہونا چاہیے اور ان کی وجہ سے پورے پاکستان میں بلیک آؤٹ ہو جاتا ہے۔ بلیک آؤٹ سکیورٹی کے حوالے سے بھی سوالیہ نشان ہے اور بلیک آؤٹ کیوں ہوا نااہل حکومت آج تک جواب نہیں دے سکی۔ اسٹیل ملزکے دس ہزار ملازمین کو بے روزگار کر دیا گیا اور یہ ظلم کب تک جاری رہے گا۔ سندھ کے ہسپتالوں کوزبردستی کرنے کے لیے آرڈیننس نکالنا عدالتی فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ گیس پیدا کرتا ہے لیکن گیس نہیں ملتی اور اس طرح کا ظلم کب تک جاری رہے گا اور ہر جگہ پر وفاق زیادتی کر رہا ہے۔ یہ ظلم اب ہم برداشت نہیں کر سکتے اور ان کی نالائقیوں کا بوجھ عوام کیوں اٹھائیں۔ وفاقی حکومت نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہے جن ہسپتالوں سے ہم مفت ادویات دے رہے تھے اب یہ چارج کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا حکومت عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے کوئی اقدامات اٹھانے کو تیار نہیں ہے اور مشکل صورتحال میں ہم ویکسین کے معاملے پر بھی پیچھے ہیں۔ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کو ویکیسن کے معاملے پرترجیح دے رہی ہے۔ 

تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا فنڈنگ کیس پر آج تک کوئی جواب نہیں دیا گیا اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق تحریک انصاف کرپٹ ترین حکومت ہے۔ اب 19 جنوری کو الیکشن کمیشن سے مطالبہ کریں گے کہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے اور بتایا جائے کونسے لوگ تھے جنہوں نے فنڈنگ کیں۔ اگر کوئی بھارتی ،اسرایئلی فنڈنگ کر رہا تھا تو کوئی تو وجہ ہو گی اس حوالے سے تمام حقائق سے آگاہ کیا جائے ۔ 

انہوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں اچھا رزلٹ دیں گے لیکن حکومت سینیٹ الیکشن میں دھاندلی کرنے میں لگی ہے اور حکومت شو آف ہینڈ کی دھاندلی کرنے میں لگی ہے اور گنتی صیح نہ ہونا ناانصافی ہے۔

مزیدخبریں