نیویارک: دنیا بھر سے شدید تنقید اور متبادل ایپلی کیشنز پر منتقل ہوتے ہوئے صارفین کے پیش نظر ، واٹس ایپ نے اپنی متنازعہ پالیسی میں تبدیلی مؤخر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان میں پرائیویسی پالیسی کو تین ماہ کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ کسی صارف کا اکاؤنٹ 8 فروری کے بعد بند نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل واٹس ایپ نے نئی پرائیوسی پالیسی کے تحت صارفین کا ذاتی ڈیٹا فیس بک کے ساتھ شیئر کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس پالیسی کو منظور نہ کرنے والے صارفین کا اکاؤنٹ 8 فروری تک بند کر دینے کی بھی وارننگ دی تھی۔
دوسری جانب پاکستان نے واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈیا ایپلی کیشن بنا لی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے واٹس ایپ کی طرز پر اپنی سوشل میڈٰیا ایپلی کیشن سمارٹ آفس تیار کرنے کی تصدیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ایپ تجربات کے مراحل سے گزر رہی ہے ، پہلے مرحلے میں سرکاری افسران و ملازمین سمارٹ آفس کی ایپ استعمال کریں گے۔ توقع ہے کہ جون 2021 تک سمارٹ آفس کے نام سے ایپلی کیشن لانچ کر دیں گے تاہم یہ آزمائشی بنیاوں پر ہوگی ۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسی طرز کی دوسری ایپلی کیشن کسی دوسرے نام سے عام پاکستانی صارفین کے لیے لانچ کریں گے ، نئی ایپ کا ڈیٹا ، کمیونیکیشن اور ریکارڈ مکمل محفوظ ہوگا۔