اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب تھانے سے بد تر ادارہ بن گیا ہے ، نیب کو ختم ہونا چاہیے ، نیب کا بزنس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈیڑھ سال پہلے چیئرمین نیب کو خط لکھا تھا ، نیب جس لیے بنایا گیا تھا وہ کام کرے ، اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا ۔ پورے پاکستان میں جاؤں گا اور پارلیمنٹیرینز کو ساتھ رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں ججز دیکھیں نیب نے جو تماشا لگا رکھا ہے۔
اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سلیم مانڈی والا نے کہا تھا کہ چیئرمین نیب سینیٹ اور ہماری کمیٹی میں آکر بتائیں کہ کون انہیں بلیک میل کر رہا ہے اور کون اُن سے غلط کام کروا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں مجھ پر یہ الزام لگا رہے تھے کہ میں چیئرمین سینیٹ کے ساتھ اجلاس کرکے ڈیل کرنا چاہتا تھا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ میرے خلاف نیب نے آخر کار ریفرنس دائر کر دیا ہے ، 29 دسمبر کو نیب خبر جاری کرتا ہے کہ ریفرنس دائر کر دیا ، جب پوچھا تو کہا گیا کہ ابھی ریفرنس دائر نہیں ہوا ، مجھ پر نیب ریفرنس کا اوپن ٹرائل کروایا جائے۔