ایک دن تمام کیسز ختم اور ہم سرخرو ہوں گے: مریم نواز

12:58 PM, 16 Jan, 2021

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے ، ایک دن تمام کیسز ختم اور ہم سرخرو ہوں گے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ براڈشیٹ کے معاملہ پر حکومتی بد نیتی سامنے آئی ہے ۔ یہ حکومت کرپٹ ، نااہل اور چور ہے ۔ انہوں نے براڈ شیٹ سے بھی پیسے مانگے ، یہ چلے تھے نواز شریف کو بدنام کرنے مگر براڈ شیٹ ان کے گلے پڑ گیا ہے ، اب یہ خود پھنس گے ہیں ، قومی خزانہ بھی برباد کیا ملا بھی کچھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں جیتیں گے ۔ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے بھرپور احتجاج ہو گا ۔ عمران خان اناڑی کھلاڑی ہے۔ اس سال وزیراعظم اکیلے رہ جائیں گے۔

انہوں نے تبدیلی سرکار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت نے لاہور کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔

دوسری جانب مریم نواز کی کمرہ عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات ہوئی ، مریم نواز نے شہباز شریف سے طویل مشاورت کی ، پارٹی امور اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

مریم اور شہباز شریف ایک دوسرے کے کان میں سرگوشیاں کرتے رہے ، مریم نواز نے حمزہ شہباز سے بھی مشاورت کی ، مریم نواز نے نواز شریف کے پیغام اور طبیعت سے متعلق آگاہ کیا۔

خیال رہے کہ لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی ، ایف بی آر حکام نے شہباز شریف کا ٹیکس ریکارڈ عدالت میں پیش کر دیا۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ 2010 میں ترکی کی کمپنی کو 420 ملین ڈالر میں ویسٹ مینجمنٹ کا ٹھیکہ دیا گیا ، آفس کا خرچہ 400 ملین ڈالر بتایا گیا ، میں نے کوشش کرکے 107 ملین ڈالر کم کروائے۔ شہباز شریف نے عدالت میں دستاویزات پیش کر دیں ، کہا انہوں نے قوم کی ایک ایک پائی بچانے کی کوشش کی۔

ادھر رمضان شوگر ملز ریفرنس میں دو گواہوں کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ، ملزمان کے وکیل نے گواہوں پر جرح بھی مکمل کرلی ، عدالت نے نیب کے دیگر دو گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے سماعت 26 جنوری تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف کو پیشی سے استثنیٰ دے رکھا ہے۔

مزیدخبریں