وزیراعظم نے صوبائی وزرا کو اہم ٹاسک سونپے دیئے: فردوس عاشق اعوان

Prime Minister, Imran Khan, important tasks, provincial ministers, Firdous Ashiq Awan

لاہور: معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے صوبائی وزرا کو اہم ٹاسک سونپے ہیں ، وزیراعظم کے دورے کا مقصد نظام حکومت میں اصلاحات لانا تھا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کو پنجاب حکومت کی جانب سے اصلاحات پر بریفنگ دی گئی ، حکومت نے زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے ، زرعی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کو شہروں کے برابر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ترقی و خوشحالی کیلئے ہم 3 گنا زیادہ کام کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے ٹولے پر مایوسی کی دھند چھائی ہوئی ہے ، جو استعفے دینے کے بگل بجا رہے تھے اب خاموش ہو گئے ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شدید سردی میں پاکستان کسی ایڈو نچر کا متحمل نہیں ہو سکتا ، پیپلز پارٹی نے تو مولانا سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے لاہور شیخوپورہ دو رویہ سڑک کا افتتاح بھی کیا ، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی پر عمران خان نے پولیس کی تعریف کی ، وزیراعظم نے چینی کی قیمت بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم کو پنجاب زرعی اصلاحات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے زراعت میں جدید ٹیکنالوجی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کسانوں کو ای بینکنگ سے قرضے فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔