واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھرواضح کیا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ ایک نئے جوہری سمجھوتے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے یورپی اتحادیوں کو دھمکی دی ہے کہ اگرانہوں نے امریکا کی شرائط پرایران کے ساتھ نئے جوہری معاہدے کی تجویز کی حمایت نہ کی تو ان کی مصنوعات پر محصولات عاید کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر برطانیہ ، فرانس اور جرمنی ایران پرسنہ 2015 کے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کا باضابطہ الزام عائد نہیں کرتے ہیں تو وہ یورپی کاروں کی درآمد پر محصولات عاید کرسکتے ہیں۔
تینوں یورپی ممالک نے منگل کے روز جوہری معاہدے کے مطابق تنازعات کے حل کے میکا نزم کو فعال کرنے کا اعلان کیا۔
یورپ کا یہ اقدام سرکاری سطح پر الزام کے مترادف ہے کہ تہران معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ دوسری طرف ایران نے تینوں یورپی ممالک کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔