نیویارک: سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال صارفین میں نشے کے عادی لوگوں کی طرح چڑچڑا پن پیدا کر دیتا ہے۔
میچیگن سٹیٹ یونیورسٹی کے مطابق ، اس وقت دنیا کا ہر تیسرا بندہ سوشل میڈیا کا استعمال کرتا ہے ان میں سے کچھ لوگوں کا رحجان ان ویب سائٹس کی طرف بہت زیادہ ہے ۔ ماہرین کو معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میںنشے کے عادی لوگوں کی طرح چڑچڑا پن پیدا ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے صارفین رسکی فیصلے لیتے ہیں۔
میشی اور اس کی ٹیم کے اس تجربے میں 71 لوگوں نے شمولیت کی ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال کرنے والے صارفین جلدی فیصلہ کر لیتے ہیں،فیصلہ سازی ایک مہارت ہے لیکن یہ اکثر غلط فیصلے کرتے ہیں اور اپنے تجربات سے سیکھتے نہیں جس کا منفی نتیجہ نکلتا ہے۔
تجربہ گا ہ میں موجود لوگوں پر غور کرنے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ مختلف سوشل سائٹس کے بارے میں ہر وقت سوچتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے ان کو نیند نہیں آتی اور اس طرح وہ اپنا زیادہ وقت جاگ کر گزار دیتے ہیں یا اپنی آن لائن مصروفیت میں لگے رہتے ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے بہت زیادہ فوائد ہیں جن سے انکا ر نہیں کیا جا سکتا لیکن اس کا ایک دوسرا رخ بھی ہےکہ لوگ اس کو اپنے آپ سے دور نہیں رکھ سکتے اور عادی ہو جاتے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہمیں اس کو اچھی طرح سمجھنا چاہیے اور اس کا مثبت استعمال کرنا چاہیے۔
ماہرین نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ سوشل میڈیا صارفین ان کی تحقیق کو سنجیدہ لیں گے ، فیس بُک اور اس جیسی دوسری سوشل ویب سائٹس کے زیادہ استعمال سے اجتناب کریں گے۔