نیویارک :ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب نے اپنے پلیٹ فارم پر خطرناک اور جذباتی طور پر تکلیف دہ مواد کو ممنوع قرار دیا ہے ، یہ اقدام ان نام نہاد 'چیلنجز' کے جواب میں کیا گيا ہے جس میں شریک ہونے والے بعض اوقات خود کو زخمی کر لیتے ہیں یا ان کی وجہ سے اموات ہو جاتی ہیں۔
گوگل کی ویڈیو شیئرنگ سائٹ نے کہا ہے کہ ایسے مواد کی 'یوٹیوب پر کوئی جگہ نہیں ہے ، بہر حال یہ کمپنی اپنے تازہ ضابطے کو سائٹ پر موجود نقصان دہ مواد پر نافذ کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔
انٹرنیٹ سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ایک رپورٹ میں یہ دکھایا گیا ہے کہ کس طرح درندگی کو پیش کرنے والی یا اس قسم کی چیزیں اب بھی سائٹ پر موجود ہیں حالانکہ گذشتہ اپریل میں ایسے مواد کو ہٹانے کا عہد کیا گیا تھا ، بعض ویڈیو کو تو کئی لاکھ بار دیکھا گیا ہے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ انھوں نے 'جارحانہ انداز میں اپنی قانونی پالیسی کو نافذ کرنے کے لیے کام کیا ہے تاکہ اس قسم کی چیزیں ہٹائی جا سکیں۔