لاہور: وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری مونس الٰہی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
چوہدری مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ عمران خان اپنی ٹیم کے رہنماؤں کو ڈسپلن میں رکھیں اور پی ایم ایل (ق) میں فارورڈ بلاک بنانے کی باتیں کرنے والے فواد چوہدری کو یاد رکھنا چاہیے کہ تحریک انصاف کے اندر بہت بڑا فارورڈ بلاک تیار ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے بیان سے پی ٹی آئی سے اتحاد ختم ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے بیان پر مسلم لیگ (ق) کی قیادت سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی سے مسلم لیگ (ق) کا نام منہ سے نکل گیا اور رات گئے فواد چوہدری نے مونس الٰہی کو معذرت کا میسج کیا تھا۔
خیال رہے کہ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی طرف سے ٹی وی شو میں مسلم لیگ (ق) میں فارورڈ بلاک کے حوالے سے بیان دیا گیا۔ فواد چوہدری نے (ن) لیگ اور پی پی میں بھی فارورڈ بلاک کی بات کی تھی۔