لندن: ایک نئی تحقیق میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کو کنٹرول کرنے کے لئے غذا اور ورزش کو دوا سے زیادہ موثر قرار دیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق حالیہ ریسرچ میں بتایا گیا ہے کہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کے ایسے مریض جو باقاعدگی سے ورزش کرتے ہیں انہیں دوا کی ضرورت کا امکان کم ہوتا ہے اور بہتر غذا دوا کے مقابلے میں زیادہ موثر طریقے سے ذیابیطس کو کنٹرول کرسکتی ہے۔
یونیورسٹی آف گلاسگومیں محققین نے ویٹ مینجمنٹ کورس میں شریک ٹائپ ٹو ذیابیطس کے15 سومریضوں کا موازنہ ایسے افراد سے کیا جنہوں نے کورس میں حصہ نہیں لیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے 16ہفتے کاپروگرام مکمل کیا، ان میں بلڈ شوگر لیول صحت مند رہااوروہ ذیابیطس کی جو دوالیتے تھے اس کی مقدار میں اضافہ بھی نہیں دیکھا گیا۔
پروگرام مکمل کرنے والے 71سالہ این آرم اسٹرونگ وزن میں تقریباً 20کلو کمی کرکے انسولین ترک کرنے کے قابل ہوگئے اور انہوں نے پروگرام کو اچھا تجربہ قرار دیا۔