بھارت ،اسرائیل کے مقاصد ایک ہیں ، کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں :خواجہ آصف

09:53 PM, 16 Jan, 2018

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل کے مقاصد ایک ہیں لیکن پاکستان کسی گھبراہٹ کا شکار نہیں ہے ، پاکستان نے کبھی دہشتگردوں کو تسلیم نہیں کیا ہے ۔


تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے تمام مکاتب فکر کے علماءکی جانب سے دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف متفقہ فتویٰ آنا خوش آئند بات ہے،دہشت گردوں نے مذہبی لبادہ اوڑھ رکھا ہے،پاکستان نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا، اسرائیل نے مسلمانوں کے بہت بڑے علاقے پر قبضہ کیا ہوا ہے ۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دوسری طرف بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے علاقے پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے، بھارت اور اسرائیل کے مقاصد ایک جیسے ہیں، اس لئے ان کا اکٹھے ہو جانا فطری عمل ہے،پاکستانی حکومت کسی گھبراہٹ سے دوچار نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ کے باوجود اپنا دفاع کر سکتے ہیں، پچھلے چار پانچ سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے ہماری افواج کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے،ہمیں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے مگر ہمیں کسی قسم کی گھبراہٹ یا خوف نہیں ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے ہماری دفاعی استعداد میں اضافہ ہوا ہے، ہم نے دہشت گردی کے خلاف کامیابی بہت کامیابیوں کے بعد حاصل کی ہے۔


وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے تمام مکاتب فکر کے علماءکی جانب سے دہشت گردی اور خودکش دھماکوں کے خلاف متفقہ فتویٰ آنا بڑی خوش آئند بات ہے کیونکہ دہشت گردوں نے مذہبی لبادہ بھی اوڑھ رکھا ہے۔

مزیدخبریں