اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں دوسروں پرسازش کاالزام لگانے کی بجائے اپنے گریبانوں میں جھانکتے ہوئے چوکس رہنا ہو گا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں امن و استحکام لانا ہے تو ہمیں خود پر نظر ڈالنی ہوں گی، اپنی کمزوریوں کا خوداحتسابی سے جائزہ لینا ہوگا۔ آپس میں اتحاد قائم کرکے بیرونی سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ملک کے ہرگلی و کوچہ میں پیغام پاکستان کوپہنچاناہے تاکہ ہرفرد اس کی روح کو سمجھے اور ملکی ترقی اور استحکام میں کرداراداکرسکے۔اس پیغام سے امن قائم ہو گا تو ملک کی معیشت ترقی کریگی اور پاکستان ایشیا کا ٹائیگر بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بسنے والے ہر رنگ ، نسل، ز بان اورعلاقے کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنا حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے۔پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ تھی اور اس کی بقا ایک قومی نظریہ ہے۔ ملک میں بسنے والے تمام اقلتیں ریاست کا اثاثہ اور قابل احترام شہری ہیں ، ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست سمیت ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ اگر ملک میں اقلیتوں کو تحفظ حاصل نہیں تو دو قومی نظریہ کی نفی ہوگی۔ اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے جس میں دہشتگردی کی کوئی جگہ نہیں۔علمائے کرام و مشائخ پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو اسلام کا حقیقی چہرہ دکھائیں۔