پرویز رشید خوشامد کی وجہ سے (ن) لیگ کے ارسطو بنے بیٹھے ہیں: چوہدری نثار علی خان

05:48 PM, 16 Jan, 2018

اسلام آباد :سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پرویز رشید مسلسل غلط بیانی اور خوشامد کی وجہ سے مسلم لیگ ن کے سیاسی ارسطو بنے بیٹھے ہیں،چوہدری نثار عل چار بار صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر شیر کے نشان کے بغیر الیکشن جیتے۔

چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے پرویز رشید کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پرویز رشید مسلسل غلط بیانی اور خوشامد کے عادی ہیں۔ صرف انہی دو خصوصیات کی وجہ سے وہ اس وقت مسلم لیگ ن کے سیاسی ارسطو بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا چوہدری نثار علی خان شیر کے نشان کے بغیر کبھی الیکشن نہیں جیتے جھوٹ اور غلط بیانی کی ایک واضح مثال ہے۔ چوہدری نثار علی خان 1985، 1988، 1990اور 2013(صوبائی اسمبلی)کی سیٹ پر شیر کے نشان کے بغیر الیکشن لڑے اور اللہ تعالی کے کرم سے جیتے۔

انہوں نے کہا ڈان لیکس کی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں ان کے کمیٹی کے سامنے مسلسل جھوٹ بولنے کی نشاندہی کی اور انہیں حقائق چھپانے کا ذمہ دار گردانا۔ بہتر یہ ہے کہ غیر ضروری بیان بازی کی بجائے حقائق قوم کے سامنے لانے کے لئے وہ اپنی حکومت کو ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے لئے مجبور کریں۔

مزیدخبریں