اسلام آباد:امریکی سفارتخانے نے قائم مقام معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان کا اعلامیہ جاری کر دیا ، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف ، علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانے نے قائم مقام معاون خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق امریکہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور امریکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے ملکر کام کر سکتے ہیں ، پاکستان اور امریکہ افغان امن ، داعش کے خاتمے اور جنوبی ایشیاء میں دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ کر سکتے ہیں ، اعلامیے کے مطابق امریکہ حقانی نیٹ ورک کے خلاف موثر کارروائی چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ کی قائم مقام معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے پیر کو پاکستان کی سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ دورہ دو طرفہ اور علاقائی تعاون پر دونوں ملکوں کے درمیان رابطوں کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں پاکستانی خارجہ سیکرٹری نے بھارتی آرمی چیف کی طرف سے مبینہ غیر ذمہ دارانہ بیان اور کشمیر میں کنٹرول لائن کی برھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے بارے میں امریکی قائم مقام نائب وزیر خارجہ سے شکایت کی اور اُنہیں کہا کہ وہ بھارت کو ایسے اقدامات سے باز رہنے کا مشورہ دے۔