’’نیو نیوز تازہ ترین‘‘
لندن :لندن میں پاکستان کیخلاف بھارتی اشتہاری مہم کا جواب دینے کیلئےپاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ لارڈ نذیر احمد نے لندن میں بھارت کیخلاف ’فری کشمیر‘ اور فری ’خالصتان‘ کی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لارڈ نذیر احمد کا کہنا تھا کہ ہم لندن میں ایسی مہم شروع کرنے جارہے ہیں جس کا مقصد کشمیر،خالصتان،ناگالینڈ اور آسام کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانا ہے اور اس مہم کا آغاز26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے دن سے کیا جائے گا۔
برطانوی ہاﺅس آف لارڈز کے رکن نے مزید کہا کہ اس دن لندن میں چلنے والی بسوں پر پوسٹر لگا کر سنٹرل لندن میں تشہیر کی جائے گی جبکہ اپریل میں لندن میں ہی ہونیوالی دولت مشترکہ ممالک کی کانفرنس کے موقع پر ان کی مہم زور پکڑے گی۔
لارڈ نذیر نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ اس کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر کشمیری،سکھ اور دیگر اس مہم میں تیزی لائیں گے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت نے لندن اور جنیوا میں پاکستان مخالف تشہیری مہم کی تھی۔