ممبئی : بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ”دنگل“ میں گیتا فوگاٹ کے بچپن کا کردار نبھانے والی نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم کو گزشتہ چند روز سے مقبوضہ کشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کے حوالے سے لوگوں کی تنقید کا سامنا تھا۔
جس پر انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں زبان کھولتے ہوئے لوگوں سے معافی مانگی ہے۔ زائرہ نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ میرے اس پیغام کو معافی نامہ سمجھا جائے کیونکہ میں سمجھتی ہوں کہ میرے اس فعل سے بہت سے لوگوں کو مایوسی اور دکھ ہوا ہے۔ میں اپنے کریئر کے آغاز میں ہی کسی تنازعہ کا شکار نہیں ہونا چاہتی، اس لئے ان سب لوگوں سے معافی مانگتی ہوں۔
لوگوں کو بھی میری پوزیشن کو سمجھنا چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ ملاقات کن حالات میں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات چھ ماہ قبل ہوئی تھی۔ میں ابھی صرف 16 سال کی ہوں اور اسے میرے بچپنے کی غلطی سمجھتے ہوئے مجھے معاف کردیں۔