کیلیفورنیا: ذیابیطس کے مرض میں متاثر ہونے یا ٹوٹ جانے والے ہڈیوں کو جڑنے میں بہت مشکلات پیش آتی ہیں لیکن اب ایک خاص پروٹین براہِ راست شکستہ ہڈیوں پر لگانے سے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
کیلیفورنیا میں واقع اسٹینفرڈ اسکول آف میڈیسن کے ماہرین نے اس نئے پروٹین کو ’ہیج ہوگ‘ کا نام دیا ہے۔ ابتدائی تجربات میں اس سے شوگر میں مبتلا چوہوں کے ڈھانچے کے تشکیل کرنے والے اسٹیم سیل کو سرگرم کیا گیا ہے۔
اسٹینفرڈ میں اسٹیم سیل (خلیاتِ ساق) کے ماہر ڈاکٹر مائیکل لونگاکر نے اس دریافت کی روداد جرنل آف سائنس ٹرانسلیشنل میڈیسن میں شائع کرادی ہے۔ ان کے مطابق یہ نیا پروٹین ذیابیطس کے عمررسیدہ افراد میں ہڈیوں کی ٹوٹ پھوٹ اور شکست و ریخت کو بہتر بناتا ہے۔
چوہوں پر اس پروٹین کے مالیکیول سے بھرپور جیل آزمایا گیا ۔ اس سے چوہوں کی ہڈیوں کی مرمت میں تیزی دیکھی گئی۔ اس طرح صرف چار ہفتوں میں ذیابیطس کے مریض چوہوں کی ہڈی بالکل درست ہوگئی۔ ماہرین کےمطابق اب اسے انسانوں پر آزمانے کی ضرورت ہے تاکہ شوگر کےمریضوں میں شکستہ اور ٹوٹی ہوئی ہڈیوں کو درست کیا جاسکے۔