نئی دہلی: بھارت میں ایک آئی ٹی ماہر نے ایک لڑکی کے پیار میں پاگل ہو کر اپنے بیوی بچوں کو ہی چھوڑ دیا، مگر اس کی محبوبہ نے بھی اسے ایسا جھٹکا دے دیا کہ عمر بھر چین نصیب نہ ہو سکے گا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 37سالہ بوبی فلپ کیرالہ میں ایک آئی ٹی فرم میں کام کرتا تھا اور اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کے ساتھ رہتا تھا۔ 7ماہ قبل اس نے اپنے بیوی بچوں کو نظرانداز کرنا شروع کر دیا اور بالآخر بالکل ہی چھوڑ دیا۔ دراصل وہ کسی اور لڑکی کے پیار میں پاگل ہو چکا تھا ۔
اس لڑکی نے بوبی سے اتنی فرمائشیں کیں کہ جلد ہی اس کی جمع پونجی خرچ ہو گئی۔ پھر اس نے اسے فلیٹ خرید کر دینے کی فرمائش کر دی۔ اس کے لیے بوبی کے پاس رقم نہیں تھی چنانچہ اس نے اپنی کار فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔کار فروخت کرنے کے لیے اس نے آن لائن اشتہار دیا۔ جب مختلف لوگوں نے اس سے رابطہ کیا تو اس کے ذہن میں چالاکی آئی اور اس نے کار کی فروخت کے عوض دو لوگوں سے رقم ہتھیا لی۔ ایک شخص سے اس نے 3لاکھ اور دوسرے سے 5لاکھ روپے لیے۔
ان دونوں افراد نے فراڈ کا انکشاف ہونے پر پولیس میں رپورٹ کر دی جس پر بوبی کو گرفتار کر لیا گیا۔ بوبی نے ابتدائمیں پولیس کو بتایا کہ خود اسے ہی رقم کی ضرورت تھی، وہ اپنی گرل فرینڈ کا معاملہ چھپا گیا۔ تاہم جب پولیس نے اس کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل معلوم کی تو پتا چلا کہ گزشتہ سات ماہ سے ایک مخصوص بینک اکاؤنٹ میں رقم بھیجی جا رہی تھی۔ پتا چلا کہ وہ بینک اکایونٹ ایک لڑکی کا ہے۔ بعد میں بوبی نے بھی اعتراف کر لیا کہ وہ ایک لڑکی سے پیار کرتا ہے اور اسی کو رقم دیتا رہا ہے۔ جب پولیس نے لڑکی کے فلیٹ پر چھاپہ مارا تب تک وہ اپنا بوریا بستر لپیٹ کر وہاں سے نکل چکی تھی۔لڑکی نے بوبی کو نام و پتہ بھی جعلی بتا رکھا تھا۔