لندن :امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکی دستور کے مطابق منصب صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔ ٹرمپ اپنی تقریب حلف برداری کے دوران جو بلٹ پروف کار استعمال کریں گے اس کی خصوصیات بھی اس وقت ذرائع ابلاغ کا مرکز ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ نے بھی ایک رپورٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بکتر بند کار پر روشنی ڈالی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی کار کو انگریزی میں Beast Theکے لقب سے یاد کیاجاتا ہے مگر اس کا سرکاری نام Cadillac One ہوگا۔ یہ کہنے کو ایک کار ہے مگراس میں خصوصیات ایک مضبوط فوجی بنکر سے کم نہیں۔ یہ چلتا پھرتا ایک فوجی بنکر ہے جس کا وزن کوئی 8 ٹن بتایا جاتا ہے۔ ٹرمپ کی بکتربند گاڑی کی تیاری میں 15 لاکھ ڈالر کے اضافی اخراجات آئے ہیں۔
اس بکتر بند، بلٹ اور بم پروف کار میں آنسوگیس، جدید نوعیت کی بندوقیں اور صدرٹرمپ کے خون کے نمونے کے مطابق خون کی دو بوتلیں موجود ہوں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں کار کے اندر سے آنسوگیس کی شیلنگ کی جاسکے۔ اگر کسی حادثے کی صورت میں صدر کو فوری خون کی ضرورت پیش آتی ہے تو انہیں خون کے حصول کے لیے انتظار نہ کرنا پڑے۔
جنرل موٹرز نامی کمپنی کی تیار کردہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خصوصی لیموزین کار میں سات افراد سوار ہوسکتے ہیں۔ کمپنی نے اس طرح کی کوئی 12 کاریں تیار کی ہیں اور ہرکار کی تیاری پرپندرہ لاکھ ڈالر سے زاید کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے علاوہ ویڈیو شیئرنگ ویب سائیٹ ’یوٹیوب‘ پربھی اس کی تفصیلات موجود ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی بکتر بند کار کو چھوٹا اور موبائل وائیٹ ہاو¿س بھی قرار دیا جائے گا۔ کار کے اندر آکسیجن فراہم کرنے کے لیے دو سیلنڈر بھی رکھے جائیں گے۔ یہ آکسیجن کار کو مکمل طو پربند کرنے کے بعد اس کے اندر موجود لوگوں کو سانس لینے کی سہولت فراہم کریں گے۔جدید مواصلاتی آلات سے لیس بلٹ پروف کار میں رات کی تاریکی میں دیکھنے کے لیے جدید صلاحیتوں کے 9 کیمرے نصب ہیں۔ اس پر بم اور گولہ بھی اثر نہیں کرے گا۔ کار کے شیشے بھی بلٹ پروف ہیں اور پوری کار کو مصنوعی سیاروں کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔ کار کا درواز ڈرائیور کے سوا اور کوئی نہیں کھول سکے گا۔