پاکستان کسی صورت بھی خطے میں بھارت کی حکمرانی کو برداشت نہیں کرے گا، سرتاج عزیز

پاکستان کسی صورت بھی خطے میں بھارت کی حکمرانی کو برداشت نہیں کرے گا، سرتاج عزیز

اسلام آباد:وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی صورت بھی خطے میں بھارت کی حکمرانی کو برداشت نہیں کرے گا، بھارت چاہتا ہے کہ مذاکرات صرف اس کی اپنی شرائط پر ہوں، لیکن پاکستان کشمیر کو نہیں بھول سکتا ، بھارت کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں۔
برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد سے پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی میں نمایاں تیزی آئی تاکہ کشمیر سے توجہ ہٹائی جاسکے۔2017میں بھارت پر پاکستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے دبا و بڑھے گا جس کی وجہ خود کشمیریوں کی اپنی جدوجہد ہے،کہ پاکستان چاہے کچھ بھی کر لے، لیکن افغان صدر اشرف غنی الزام تراشی سے باز نہیں آئیں گے۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد بھارت کی خواہش رہی ہے کہ وہ اس پورے خطے کی سامراجی طاقت بن جائے جو کہ ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے کہ مذاکرات صرف اس کی اپنی شرائط پر ہوں، لیکن پاکستان کشمیر کو نہیں بھول سکتا اور ہم اس طرح سے مذاکرات کرنے کے خواہاں نہیں۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں اور ہم اس کی کسی بھی ایسی خواہش کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔