خیبرپختونخوا حکومت کا افغان حکام سے مذاکرات کا فیصلہ، دو وفود بھیجنے کی تیاری مکمل

10:02 PM, 16 Feb, 2025

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے دو وفد بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے بیرسٹر سیف کو فوکل پرسن نامزد کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، بیرسٹر سیف کی سربراہی میں دو وفد افغانستان جائیں گے، جن کا مقصد کراس بارڈر ٹرائبل ڈپلومیسی کو مضبوط بنانا ہے۔ اس حوالے سے خیبرپختونخوا حکومت نے دورے کے ٹی او آرز (شرائط و ضوابط) بھی تیار کر لیے ہیں۔

پہلے وفد میں بارڈر ایریا کے قبائلی عمائدین اور ایک حکومتی عہدیدار شامل ہوں گے، جو مذاکرات کے لیے ماحول سازگار بنانے اور سفارتی امور کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔ دوسرے وفد میں مختلف اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے جو مذاکرات کے اگلے مراحل میں حصہ لیں گے۔

ذرائع کے مطابق، خیبرپختونخوا حکومت مذاکرات کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بھی مسلسل رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت آل پارٹیز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاکستان میں امن افغانستان میں امن کے ساتھ مشروط ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے افغانستان کے ساتھ حکومتی سطح پر جلد مذاکرات کیے جائیں اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لیے سیاسی و مذہبی جماعتیں مل کر کام کریں۔

مزیدخبریں