پوری دنیا چیمپئنز ٹرافی کو دیکھ رہی ہے، اور پاکستان مکمل طور پر اس کی میزبانی کے لیے تیار ہے:چیئرمین پی سی بی

09:56 PM, 16 Feb, 2025

لاہور: چیمپئنز ٹرافی 2025 کی افتتاحی تقریب شاہی قلعہ لاہور میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں سابق اور موجودہ کرکٹرز، آئی سی سی عہدیداروں اور دیگر شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ "پوری دنیا چیمپئنز ٹرافی کو دیکھ رہی ہے، اور پاکستان مکمل طور پر اس کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔" انہوں نے بتایا کہ اب تک چار ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آئندہ 48 گھنٹوں میں پہنچ جائیں گی۔

آئی سی سی کے سی ای او جیف آلڈرائس نے پی سی بی کی جانب سے کیے گئے انتظامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا، "مجھے یقین نہیں آ رہا کہ قذافی اسٹیڈیم صرف 117 روز میں مکمل کر لیا گیا۔ میری نیک تمنائیں تمام ٹیموں کے ساتھ ہیں، امید ہے کہ بہترین ٹیم 9 مارچ کو چیمپئن بنے گی۔"

تقریب میں کوک اسٹوڈیو کے تعاون سے گلوکارہ شے گل سمیت دیگر فنکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا، جبکہ لائٹ شو اور شاندار آتش بازی نے محفل کو چار چاند لگا دیے۔ پاکستان، بھارت سمیت 8 ٹیموں کی جرسیوں کی لیزر لائٹ سے رونمائی بھی کی گئی، جس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

مزیدخبریں