لاہور: معروف اداکار فیروز خان اور یوٹیوبر رحیم پردیسی کے درمیان ایک سنسنی خیز باکسنگ میچ میں رحیم پردیسی نے فتح حاصل کرلی۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والے اس مقابلے میں دونوں فائٹرز نے بھرپور طاقت آزمائی، تاہم فیروز خان پانچویں منٹ میں رحیم پردیسی کے مکوں کی تاب نہ لا سکے اور شکست کھا گئے۔
مقابلے کے دوران فیروز خان کو کچھ چوٹیں بھی آئیں، لیکن میچ کے بعد دونوں نے ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے ہاتھ ملایا اور ایک دوسرے کی کارکردگی کو سراہا۔
فیروز خان کی اہلیہ ڈاکٹر زینب نے سوشل میڈیا پر اپنے شوہر کی ہمت اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا، ’’مجھے اپنے شوہر پر بے حد فخر ہے۔ انہوں نے پہلی بار رنگ میں اتر کر ایک مشکل حریف کا سامنا کیا اور زخمی ہونے کے باوجود پانچویں راؤنڈ تک لڑتے رہے۔‘‘
واضح رہے کہ فیروز خان نے پہلے ہی اپنے مداحوں کو انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اس نئے سفر کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔