یونس خان کی افغان ٹیم میں انٹری، سابق پاکستانی کپتان بطور مینٹور مقرر

07:02 PM, 16 Feb, 2025

دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے افغانستان کرکٹ ٹیم کا مینٹور مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ ایونٹ کے اختتام تک ٹیم کے ساتھ رہیں گے اور کھلاڑیوں کو اپنے تجربے سے مستفید کریں گے۔

افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو نصیب خان نے کہا، ’’چونکہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے، اس لیے میزبان ملک کے ایک باصلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑی کو مینٹور کے طور پر تفویض کرنا ضروری تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کا یہ رجحان رہا ہے کہ وہ ہر عالمی ٹورنامنٹ میں میزبان ملک سے ایک مینٹور کا تقرر کرتی ہے۔

یہ لگاتار تیسرا عالمی ایونٹ ہے جس میں افغان کرکٹ بورڈ نے میزبان ملک سے مینٹور مقرر کیا ہے۔ اس سے قبل اجے جدیجا کو بھارت میں 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے اور ڈیوین براوو کو ویسٹ انڈیز و امریکہ میں 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے باؤلنگ کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان چیمپئنز ٹرافی میں گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ شامل ہے۔

مزیدخبریں