لندن : لندن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے فلسطینیوں کی بےدخلی کے منصوبے کے خلاف ہزاروں افراد نے احتجاجی مارچ کیا۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرا کر امریکی سفارت خانے کے باہر اپنے احتجاج کا اظہار کیا۔ اس دوران انہوں نے "قبضہ نہیں آزادی"، "غزہ برائے فروخت نہیں"، اور "نسلی صفائی نامنظور" جیسے نعرے بلند کیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق، احتجاج کا مقصد ٹرمپ کے غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے منصوبے کے خلاف آواز اٹھانا تھا۔ مظاہرین نے اس اقدام کو فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزی اور غیر منصفانہ قرار دیا۔
یاد رہے کہ چند دن قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے حوالے سے اپنے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا غزہ پر قبضہ کر لے گا اور وہاں رہنے والے فلسطینیوں کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کے لیے اردن اور مصر سے بات چیت جاری ہے۔ اس بیان نے عالمی سطح پر تنقید کو جنم دیا تھا، اور اب لندن میں ہونے والا احتجاج اس تنقید کی عکاسی کرتا ہے۔