لاہور : محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ اسی طرح مری، گلیات، کشمیر، کوئٹہ، زیارت اور پشین میں ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔گزشتہ روز پاکستان کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سطح تک پہنچ گیا، جس میں لہہ میں منفی 6، گوپس اور کالام میں منفی 5، استور میں منفی 4 جبکہ اسکردو میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو سرد موسم اور ممکنہ بارش یا برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔