لاہور: چیمپئنز ٹرافی کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں، جو کہ آج لاہور کے شاہی قلعے میں منعقد ہوگی۔ اس شاندار تقریب میں کرکٹ کی لیجنڈز کا پینل ڈسکشن ہوگا جس میں کرکٹ کی تاریخ کے عظیم کھلاڑی اپنے تجربات شیئر کریں گے۔
چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اہم عہدیداران سمیت دیگر مہمان بھی شریک ہوں گے۔ گلوکار عاطف اسلم چیمپئنز ٹرافی کا آفیشل ترانہ گائیں گے جو تقریب کو مزید جاندار بنا دے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا، جہاں پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیمیں کراچی میں موجود ہیں، جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں دبئی پہنچ چکی ہیں۔ بھارت کا پہلا میچ 20 فروری کو دبئی میں بنگلہ دیش کے خلاف ہوگا۔
اس ایونٹ کے سب سے بڑے میچ میں 23 فروری کو پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا دبئی میں ہوگا جس کا کرکٹ شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کے میچ کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے اور شائقین کرکٹ کو بھرپور تفریح فراہم کریں گے۔