پی ٹی آئی کا مرکز، پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ

07:36 PM, 16 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:پی ٹی آئی  نے  مرکز، پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ آج قومی وطن پارٹی کے ساتھ انتخابات میں دھاندلی پر بات چیت ہوئی، ایک نکاتی ایجنڈے پر بات ہوئی کہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں، قومی وطن پارٹی کے رہنماؤں سے بھی آج ملاقات کی، ہم چاہتے ہیں ملک میں ہم آہنگی اور مفاہمت ہو، مولانا فضل الرحمان،جماعت اسلامی نے بھی احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
بیرسٹرسیف نے کہا کہ فارم 45 ثبوت ہیں کہ ہمارے امیدوارجیتے ہیں مگر فارم 47 میں نتائج تبدیل کیے گئے، ہر پانچ سال بعد الیکشن ہوتے ہیں اور متنازع ہوجاتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ جمہوری اصولوں پر قائم رہتے ہوئے الیکشن کمیشن اور عدالتوں سے انصاف مانگتے ہیں، آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ اس انتخابات کے بعد معاشی استحکام نہیں آ سکتا۔
اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے رہنما سکندر حیات نے کہا کہ تحریک انصاف کے سیاسی مذاکراتی عمل کو خوش آمدید کہتے ہیں، انتخابات پر پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمیں بھی خدشات ہیں۔

مزیدخبریں