اسلام آباد (سردار شیراز خان) وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ترقی، بین الاقوامی برادری کا مشترکہ مقصد ہے،حل طلب بین الاقوامی تنازعات ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں جو غربت کا باعث بنتے ہیں۔ ہمارے عوام کی ضروریات کو بہتر طور سے پورا کرنے کیلئے بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے میں ایک بڑے ترقی پذیر ملک اور پائیدار ترقی کے راستے پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر چین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کے دفتر کی افتتاحی تقریب سے ویڈیو پیغام کے ذریعے خطاب کر رہی تھیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق تقریب سے چین کے وزیر خارجہ اور انڈونیشیا، سوڈان، بیلاروس، سربیا، لاؤس، جبوتی، الجزائر اور کمبوڈیا کے نمائندوں نے بھی ویڈیو پیغامات کے ذریعے تقریب سے خطاب کیا۔ چین میں پاکستان کے سفیرمعین الحق نے بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے تمام فریقین کو دفتر کھولنے پر مبارکباد دی اور آئی او ایم ڈی کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ ترقی، بین الاقوامی برادری کا مشترکہ مقصد ہے،حل طلب بین الاقوامی تنازعات ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں جو غربت کا باعث بنتے ہیں۔ ہمارے عوام کی ضروریات کو بہتر طور سے پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی نظام کو مضبوط بنانے میں ایک بڑے ترقی پذیر ملک اور پائیدار ترقی کے راستے پر ایک اہم شراکت دار کے طور پر چین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پر عزم ہے۔ توقع ہے کہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی(آئی او ایم ڈی) بین الاقوامی تنازعات کے فوری اورپائیدار حل کی راہ ہموار کرے گا۔