لاہور: عدالت عالیہ نے حفاظتی ضمانت کی دوسری درخواست پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو پیر کے روز طلب کر تے ہوئے آئی جی پنجاب کو سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں دوبارہ سماعت ہوئی، عمران خان مقررہ وقت تک کمرہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے خواجہ طارق رحیم بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ عمران خان عدالتوں کی عزت کرتے ہیں، عدالت عمران خان کی سکیورٹی کا بندوبست کرے تو وہ کل پیش ہو جائیں گے، عمران خان کے دستخط کے معاملے پر جو قصوروار ہو عدالت اس وکیل کو سزا دے سکتی ہے۔
خواجہ طارق رحیم نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ سکیورٹی اور حالات دیکھ کے عمران خان کی پیشی کا فیصلہ کرنا ہے ہم ہائیکورٹ کی سکیورٹی کے ساتھ بیٹھ کے فائنل کر لیتے ہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ ’آپ کب عمران خان کو پیش کر سکتے ہیں، ہم آپ کی آئی جی سے ملاقات کرا دیتے ہیں اور کیس کو پیر کیلئے رکھ لیتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو عمران خان کی لیگل ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر سکیورٹی معاملات فائنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پیر کے روز دوپہر 2 بجے عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔