لاہور : لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے کہا ہے کہ یہ بہت اہم معاملہ ہے میں آپ کو یا آپ کے کلائنٹ کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کروں گا ۔
عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر 24 گھنٹے میں تیسری بار سماعت ہوئی لیکن عدالت طلب کرنے کے باوجود وہ پیش نہیں ہوئے۔ عمران خان کے وکیل اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ میں اس بارے عدالت کی معاونت کر دیتا ہوں عدالت مہلت دے دے ۔ فاضل جج نے کہا کہ میں درخواست واپس نہیں کر رہا اس درخواست کو پینڈنگ رکھ رہا ہوں چار بجے دلائل دیں ۔
وکیل عمران خان نے کہا کہ اس کیس میں ہمیں ریلیف اسلام آباد ہائیکورٹ سے مل چکا ہے ۔ حفاظتی ضمانت کی درخواست واپس لینا چاہتا ہوں ۔جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ عمران خان کے وکالت نامے اور حلف نامے پر دستخط میں فرق ہے وہ کیوں ہے ؟
واضح رہے کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔ڈاکٹر فیصل عدالت میں موجود تھے لیکن فاضل جج نے کہا کہ ہم نے ڈاکٹر کو نہیں سننا کیونکہ وہ اس میں فریق نہیں ہے ۔