اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءفیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ درخواست گزار کا اپنا کنڈکٹ اس کی نااہلی کا باعث بنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دوہری شہریت کیس میں فیصل واوڈا کو تاحیات نااہل قرار دیا تھا اور پی ٹی آئی رہنماءنے اسلام آباد ہائیکورٹ میں یہ فیصلہ چیلنج کیا تھا۔
فیصل واوڈا نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63 ون ایف کے تحت نااہل کیا تاہم اس معاملے میں آئینی تقاضے پورے نہیں کئے گئے اور مجھے مکمل طور پر سنے بغیر فیصلہ سنایا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق سماعت کی اور فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔
عدالت نے فیصل واوڈا کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی رہنما طویل عرصہ تک الیکشن کمیشن اور عدالت کے سامنے تاخیر کرتے رہے جبکہ انہوں نے شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے سے بھی انکار کیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مجاز اتھارٹی سے دہری شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ پیش کر کے اپنی نیک نیتی ثابت کرنا فیصل واوڈا کی ذمہ داری تھی جبکہ انہوں نے نااہلی کیس میں کارروائی سے بچنے کیلئے استعفیٰ دیا، فیصل واوڈا نااہلی درخواست پر کارروائی سے بچنے کیلئے بطورایم این اے مستعفی ہوئے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق کمیشن کی تحقیقات اور فیصل واوڈا کے طرز عمل سے ثابت ہوا کہ جمع کرایا گیا حلف نامہ جھوٹا تھا، سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کے فیصلے کا الیکشن کمیشن اور یہ عدالت پابند ہیں، درخواست گزار کا اپنا کنڈکٹ اس کی نااہلی کا باعث بنا، افسوس کے ساتھ کہیں گے کہ اس کے نتائج کے فیصل واوڈا خود ذمہ دار ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے فیصل واوڈا کی خالی نشست پر انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 9 مارچ کو سندھ اسمبلی کی عمارت میں پولنگ ہو گی۔
یاد رہے کہ فیصل واوڈا سندھ سے تحریک انصاف کی نشست پر 3 مارچ 2021 کو سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے دوہری شہریت کیس میں انہیں نااہل قرار دیتے ہوئے بطور سینیٹر نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا 2 ماہ میں تمام مالی مفادات اورمراعات واپس کریں، انہوں نے جرم چھپانے کیلئے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔
واضح رہے کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحیات نااہلی کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے اور ان کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا گیا ہے۔