اسلام آباد:سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صحت کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے پاکستانی ڈاکٹر کب آپ سے مل کر میڈیکل ریکارڈ کا جائزہ لیں ۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت کی جائزہ لینے کےلئے اٹارنی جنرل نے ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس کو خط لکھ دیا۔ خط وزارت خارجہ کے ذریعے لکھا گیا اور وزارت خارجہ یہ خط لندن میں ہائی کمیشن کو بجھوائے گی۔ لندن ہائی کمیشن یہ خط ڈاکٹر ڈیوڈ لارنس تک پہنچائےگا۔
اٹارنی جنرل نے خط میں کہا ہے کہ بتایا جائے کہ پاکستانی ڈاکٹر کب ان سے مل کر نوازشریف کی میڈیکل ریکارڈ کا جائزہ لیں۔ ملاقات 22 فروری سے 13 مارچ کے دوران شیڈول کی جائے۔ ملاقات کی تاریخ سے چاردن قبل آگاہ کیا جائے۔
اٹارنی جنرل نے کہا ہے یہ کارروائی نواز شریف اور شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان حلفی کی روشنی میں کی جارہی ہے۔ پاکستان کے نامزد کردہ ڈاکٹر آپ سے مل کر نواز شریف کی صحت سے متعلق تصدیق کرنا چاہتے ہیں اور میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیں گے۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کا جائزہ لیے بغیر ڈاکٹر کوئی رائے نہیں دے سکتے۔