شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ  ظالمانہ قرار دیدیا

01:20 PM, 16 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو  ظالمانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ  پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے سے زائد اضافہ ظالم ،جھوٹی اور کرپٹ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔حکومت کے خاتمے تک مہنگائی کا ظلم ختم نہیں ہوگا ، عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہوگا ۔

لیگی صدر نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کی سزا دینے والی حکومت سے نجات دلاکر ریلیف دیں گے ۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں نہیں حکومت نے ملک میں غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کیاگیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پٹرول کی قیمت نہیں بڑھی، عوام کا آٹا چینی بجلی گیس دوائی، سبزی دال گھی کی قیمت بڑھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے ہر فیصلہ سے مہنگائی بڑھتی  ہے اور عوام کی تکلیف میں مزید اضافہ ہوتا  ہے  ۔پونے چار سال میں اس حکومت نے صرف مہنگائی بڑھائی ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ  موجودہ حکومت عوام کی سفید پوشی کی چادر چھیننے پر تلی ہوئی ہے ۔46 روپے لیٹر پٹرول دینے کی تقریریں کرنے والے آج ایک ہی دن میں 12 روپے لیٹر اضافے کی منظوری دیتے ہیں ۔عمران نیازی کے نئے پاکستان“ میں غریب کی کوئی جگہ نہیں صرف مافیا اور کارٹلز کی جیبیں بھری جا رہی ہیں

مزیدخبریں