واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روس کے حملے کا امکان اب بھی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے ٹیلی ویژن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو پابندیاں تیار ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کو اب تک روسی فوجی واپس بلائے جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی اس لیے یوکرین پر حملے کا اب بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کا خطرہ ٹلنے لگا اور یوکرین کی سرحد پر تعینات روسی فوجیوں میں سے بعض دستوں کی واپسی ہوگئی ہے۔
دوسری جانب روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے ہمیشہ ہی اس بات سے انکار کیا ہے کہ روس یوکرین پر حملہ کرے گا اور ہم یورپ میں ایک اور جنگ نہیں چاہتے۔