ڈیوڈ روز سے دوستی کے علاوہ اور کوئی تعلق نہیں ہے، شہزاد اکبر

07:03 PM, 16 Feb, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ روز نے براڈ شیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کاوے موسوی سے ملاقات ضرور کرائی لیکن اس بات کا علم نہیں کہ اس نے اپنا حصہ بھی مانگا تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا ڈیلی میل کے صحافی ڈیوڈ رورز نے کاوے موسوی سے ملاقات ضرور کرائی لیکن اس بات کا علم نہیں کہ اس نے بھی اپنے حصے کی بات کی یا نہیں ۔ ڈیوڈ روز سے دوستی کا تعلق ہے اور اس کے علاہ کچھ نہیں۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز  برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کا الزام لگانے والے برطانوی صحافی ڈیوڈ روز نے کہا تھا براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی کی درخواست پر ان کی شہزاد اکبر سے ملاقات کرائی اور میں کاوے موسوی کو دو ہزار تین سے جانتا ہوں۔ 

ڈیوڈ روز کا کہنا تھا کہ کاوے موسوی میرے گھر کے قریب رہتا ہے اس نے مجھے اپنے گھر بلایا جبکہ نیب اور براڈ شیٹ کے درمیان قانونی چارہ جوئی کے بارے میں بتایا۔ موسوی نے مجھ سے درخواست کی کہ میں ان کی شہزاد اکبر سے ملاقات کراؤں۔

ڈیوڈ روز کا کہنا تھا کہ میں شہزاد اکبر کو بھی کافی عرصے سے جانتا ہوں۔ میں نے دونوں کے درمیان ملاقات کرانے کی حامی بھر لی۔ میں نے صرف ایک دوست کے ناطے اکتوبر میں شہزاد اکبر اور کاوے موسوی کی ملاقات کرائی حالانکہ کاوے موسوی نے مجھے پیشکش کی کہ وہ مجھے کمیشن بھی دے گا۔ 

برطانوی صحافی کا کہنا تھا کہ کاوے موسوی کو میں نے انکار کیا اور کہا کہ میں دوست کی حیثیت سے آپ لوگوں کی ملاقات کرا دوں گا۔  اب پاکستانی صحافیوں نے مجھ سے رابطے کیے ہیں اور مجھ سے ثبوت مانگے۔ میں ان کو کہتا ہوں کہ ہاں میں نے شہزاد اکبر اور کاوے موسوی کی ملاقات کرائی تھی لیکن میں نے کسی قسم کے پیسے نہیں لیے۔ 

شہزاد اکبر اور کاوے موسوی کے درمیان ملاقات میں کچھ طے نہیں ہوا۔ میرا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور اب مجھ سے انٹرویو کے لیے کوئی رابطہ نہ کرے۔ 

مزیدخبریں