کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، عمران خان سینیٹ الیکشن جیتیں گے: شیخ رشید

12:43 PM, 16 Feb, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں کوئی سرپرائز نہیں ہوگا، یہ معرکہ وزیراعظم عمران خان ہی جیتیں گے۔ آصف زرداری نے ووٹ خریداری میں پی ایچ ڈی کیا ہوا ہے لیکن اس بار انہیں مایوسی ہوگی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اسلام آباد لانگ مارچ کے فیصلےکی تاریخ پر نظر ثانی کرے۔ پی ڈی ایم نے اتنے فیصلے بدلے، لانگ مارچ کا فیصلہ بھی رمضان کے بعد کر لیں۔ پچھلی دفعہ ایک بیان ازراہ مذاق ہی دیا تھا، اس پر معذرت خواہ ہوں۔ ہم نے جس طرح الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کی اجازت دی آیندہ بھی دیں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ان کے پاسپورٹ کی تجدید نہیں کر سکتا۔ نواز شریف کی پاسپورٹ تجدید کی مدت آج رات بارہ بجے ختم ہو رہی ہے۔ نوازشریف نے پاکستان نہ آنا ہو تو آج رات 12 بجے تک ویزے کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہوگی۔ جس کا نام ای سی ایل میں ہو اسے پاسپورٹ جاری نہیں کیا جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو ایمرجنسی سفری دستاویز جاری کی جا سکتی ہے۔ اگر نواز شریف واپس آنا چاہیں تو 72 گھنٹے پہلے انھیں اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔ انھیں پاکستان آنے سے نہیں روکا جا رہا۔ نواز شریف کی درخواست پر پاکستان آنے کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جا سکتا ہے۔ نواز شریف کو پاکستان نہیں آنا تو ان کے پاسپورٹ کی آئینی حیثیت نہیں رہے گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے عدالتی رعایت کا غلط استعمال کیا۔ ہائیکورٹ کا فیصلہ ہے نواز شریف پاکستان واپس آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے سرجری کی بات کی ہے، اگر وہ درخواست نہیں کرنا چاہتیں تو نہ کریں، اچھی بات ہے۔

مزیدخبریں