لاہور: پاکستان کے مایہ ناز کوہ پیما اسد علی میمن نے افریقا کی بلند ترین چوٹی کلیمنجارو 14 گھنٹے میں سر کرکے دنیا بھر میں اپنے ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ ریکارڈ وقت میں سمٹ کرنے والے اسد علی میمن واحد ایشیائی اور پاکستانی ہیں۔ ماؤنٹ کلیمنجارو کی اونچائی 5895 میٹر ہے۔ کوہ پیماؤں کو یہ چوٹی سر کرنے میں 5 سے 7 دن لگتے ہیں تاہم اسد علی میمن نے اس چوٹی کو صرف 14 گھنٹوں میں سر کیا۔ تنزانیہ میں موجود پاکستانی سفیر محمد سلیم نے بھی نوجوان کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔
خیال رہے کہ اسد علی میمن کا تعلق صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے ہے۔ ان کا عزم تھا کہ وہ صرف چوبیس گھنٹوں کے اندر کلیمنجارو کو سر کرنے والے پہلے ایشیائی کوہ پیما کا اعزاز حاصل کریں، انہوں نے اپنے عزم، ہمت اور جذبے سے اپنا یہ دیرینہ خواب پورا کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ کلیمنجارو کا شمار دنیا کی 7 بلند ترین چوٹیوں میں ہوتا ہے۔ یہ چوٹی افریقی ملک تنزانیہ میں موجود ہے۔
اسد علی میمن کے پاس اس سے قبل جنوبی امریکا کی سب سے اونچی چوٹی ایکونکاگوا کو سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہ چوٹی ارجنٹائن میں واقع ہے۔
ذہن میں رہے کہ کلیمانجارو کو سر کرنے کا ورلڈ ریکارڈ سوئٹزرلینڈ کے مشہور کوہ پیما کارل ایگلوف کے پاس ہے۔
کارل ایگلوف نے یہ کارنامہ صرف 6 گھنٹے اور 42 منٹ میں سرانجام دیا تھا۔
دیگر پاکستانی بھی کلیمانجارو کو سر کرنے کیلئے جا چکے ہیں، لیکن دنیا کی اس بلند ترین چوٹی کو انتہائی کم وقت میں سر کرنے کا اعزاز صرف اسد علی میمن کے حصے میں آیا ہے۔ وہ ایشیا اور پاکستان کے واحد کوہ پیما بن چکے ہیں جنہوں نے 24 گھںٹوں سے بھی کم وقت میں کلیمانجارو کو سر کیا۔