نئی دہلی : بھارتی فلم انڈسٹری کے ایک اور اداکار نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر خودکشی کر لی ہے ، خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار نے انجہانی سشانت سنگھ راجپوت کے ساتھ ان کی ہٹ فلم دھونی میں بھی کام کیا تھا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سشانت کی ہٹ فلم دھونی میں ان کے ساتھ کام کرنے والے اداکار سندیپ نہر نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انجہانی اداکار کی نعش ممبئی میں ان گھر سے ملی ہے ، رپورٹس کے مطابق انہیں کمرے میں لٹکا ہوا پایا گیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن ڈاکٹرز نے سندیپ کو مردہ قرار دے دیا ۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنی موت سے قبل سندیپ نے فیس بک پر ایک ویڈیو ڈالی تھی جسے انہوں نے خودکشی کا آخری نوٹ بھی قرار دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں سندیپ نے اپنے پیشے سے متعلق مسائل اور ازدواجی زندگی کی پیچیدگیوں سمیت دیگر مسائل کا تذکرہ کیا تھا، انہوں نے آخر میں کہا تھا کہ ان کے کسی بھی عمل کے لیے اہلیہ کو ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے ۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی جون 2020 میں خودکشی کرلی تھی تاہم اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے کہ انہوں نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا تھا۔