راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز صحرائے تھر کا دورہ کرکے وہاں جاری مشقوں کا جائزہ لیا، انہوں نے افسروں کو جوانوں کے جذبے اور صلاحیت کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مشقوں کا معائنہ کرنے پہنے تو وہاں کور کمانڈر لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے ان کا پرتپاک کا استقبال کیا۔
صحرائے تھر میں ان دنوں پاک فوج کی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے جنگی ماحول پیدا کرکے تربیتی مشقیں کی جا رہی ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز وہاں پہنچے اور فوج کی مشقوں کا جائزہ لیا۔
ان تربیتی مشقوں کو ''جدار الحدید'' کا نام دیا گیا ہے، ان مشقوں کا مقصد پاک فوج کے کردار میں جدت لانا اور نوجوان افسروں اور جوانوں کی صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔
پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو دورہ تھر کے دوران اس معاملے پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ مشقیں رواں ماہ کی اٹھائیس فروری کو ختم ہونگی۔
آرمی چیف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اعلیٰ معیار اور بھرپور تربیت کو امن کی واحد ضمانت قرار دیا۔