لاہور: صوبہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں گزشتہ رات سے شدید دھند چھائی ہوئی ہے۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ڈرائیونگ کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مزید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، موٹروے ایم 3 لاہور سے عبدالحکیم اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے شور کوٹ تک بند کر دی گئی ہے۔ ادھر میرپور خاص اور گردونواح میں بھی شدید دھند کی وجہ سے سڑکوں پر حد نگاہ انتہائی کم رہ گئی ہے۔ موٹروے پولیس کی جانب سے گاڑیوں پر فوگ لائٹس کے استعمال، رفتار کم اوردوسری گاڑی سے فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، بارش برسنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ گزشتہ روز بھی پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند چھائی رہی تھی۔
گزشتہ روز اننت ناگ، کالام، استور اور پارا چنار میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ، گوپس منفی 04، زیارت اور سکردو منفی پانچ اور لہیہ میں درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، خانیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، بھکر، سرگودھا، منڈی بہاء الدین، حافظ آباد، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، قصور، لاہور، نارووال، سیالکوٹ اور لاہور میں مزید دھند چھائے رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔