آسٹریلیا نے ٹی 20 میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرکے ریکارڈ قائم کر دیا

آسٹریلیا نے ٹی 20 میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرکے ریکارڈ قائم کر دیا

آکلینڈ : آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو ٹی 20 سیریز کے پانچویں میچ میں شکست سے دوچار کر دیا ۔ میزبان نیوزی لینڈ کی جانب سے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے جواب میں آسٹریلیا نے ہدف بآسانی 7 بالز قبل ہی حاصل کر لیا ۔اس طرح آسٹریلیا نے ٹی 20 میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کرکے ریکارڈ قائم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق آکلینڈ میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں میزبان نیوزی لینڈ  نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

میزبان ٹیم نے مارٹن گپٹل کی شاندار سینچری اور کولن منرو کے برق رفتار 76 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنائے ۔آسٹریلیا کی جانب سے اینڈرسن اور اینڈریو ٹائی نے 2 ،2 جبکہ سٹینلکی اور ایگر نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے ڈیوڈ وارنر اور ڈی آرسی شارٹ کی شاندار اوپننگ بلے بازی اور ٹیل اینڈر کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 7 بالز قبل ہدف حاصل کر لیا ۔ آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 24 بالز پہ 60، ڈی آرسی شارٹ نے 44 بالز پہ 76 ، گلین میکس ویل کے 14 بالز پہ 31 اور ایرون فنچ کے 14 بالز پہ 36 رنز بنائے ۔ 

نیوزی لینڈ کے تمام باؤلرز کی خوب درگت بنائی گئی ۔ بولٹ ،ساؤتھی ، سوڈی اور ڈی گرینڈ ہوم نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی ۔

اس طرح آسٹریلیا نے ٹی 20کرکٹ میں سب سے بڑے ہدف کا تعاقب کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ہے ۔


آسٹریلیا کے ڈی آر سی شارٹ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں