شریف فیملی کیخلاف رابرٹ ریڈلے نے بیان ریکارڈ کرانے کی یقین دہانی کرا دی

03:20 PM, 16 Feb, 2018

اسلام آباد: شریف خاندان کی مشکلات ہیں کہ کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ ذرائع کے مطابق شریف فیملی کے خلاف لندن فرانزک لیبارٹری کے پرنسپل کے بیان کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ رابرٹ ریڈلے نے پاکستانی ہائی کمیشن جا کر بیان ریکارڈ کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ 

ریڈلے کا بیان قلمبند کرنے کے لیے احتساب عدالت کے اندر ملٹی میڈیا سکرین آویزاں کی جائے گی۔ نیب نے لندن فرانزک لیبارٹری کے پرنسپل رابٹ ریڈلے کے ساتھ بیان کے لیے رابطے مکمل کر لیے ہیں اور نیب نے ان کا بیان قلمبند کرانے کے لیے وزارت خارجہ سے بھی رابطہ کیا۔

لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بیس فروری تک انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ لندن فرانزک لیبارٹری کے پرنسپل 22 فروری کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

یاد رہے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس میں غیر ملکی گواہوں کے بیان بذریعہ ویڈیو لنک ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں