اسلام آباد: عائشہ گلالئی نے عمران خان پر الزامات لگانے کے بعد ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کی طرف کر لیا۔
کہتی ہیں مسلم لیگ ن کی جانب سے انہیں سینیٹ کا ٹکٹ دینے کی آفر کی گئی اور اس کے بدلے مجھے فوج کے خلاف بیان پر اکسایا گیا لیکن میرے ضمیر نے گوارا نہیں کیا اور میں نے اس آفر کو مسترد کر دیا کہ میں پاک فوج کے خلاف نہیں بول سکتی۔
عائشہ گلالئی نے مزید کہا نواز شریف کو کرپشن کی بنیاد پر نکالا گیا اور اب کہتے ہیں انہیں کوئی ہاتھ نہ لگائے جبکہ نواز شریف عمران خان سے بھی زیادہ خطرناک ہیں کیونکہ وہ اپنی تقاریر میں اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ یکم اگست 2017 کو عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔
واضح رہے سینیٹ کے انتخابات 3 مارچ کو ہوں گے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے کیونکہ سینیٹ کے 52 ممبران ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جن میں پنجاب اور سندھ سے 12، 12۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11، 11 سینیٹرز ریٹائر ہو رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18 سینیٹرز، مسلم لیگ (ن) کے 27 میں سے 9 سینیٹرز ریٹائر ہو رہے ہیں جب کہ اسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہو جائیں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں