سعودی حکومت نے کسی حج و عمرہ لاٹری سکیم کا اعلان نہیں کیا ، سعودی مندوب

10:19 AM, 16 Feb, 2018

ریاض: سعودی عرب میں سمیت عرب ممالک میں حج اور عمرہ کے لیے لاٹری شروع ہونے سے متعلق اہم سعودی شخسیت کا بیان بھی سامنے آگیاہے ۔

تفصیلا ت کے مطابق عرب لیگ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب احمد عبدالعزیز قطان نے کہا ہے کہ  سعودی حکومت نے  مفت حج و عمرہ کی کوئی اسکیم کا اعلان نہیں کیا اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر آنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی سفارتی امور کے حکام عبدالعزیز قطان نے فیس بک، واٹس ایپ، ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا ایپس پر حج و عمرہ لاٹری سے متعلق خبروں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ان خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ حج و عمرہ لاٹری کی کوئی حقیقت نہیں اور جعل ساز جھوٹی خبریں پھیلا کرلوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔

سعودی عرب کا ان امور سے کوئی تعلق نہیں ۔ ذرائع کے مطابق  قطان نے مزید کہا کہ واٹس اپ ، فیس بک اور ٹویٹر پر نامعلوم افراد کی جانب سے جو افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں وہ بے بنیاد ہیں ان پر توجہ نہ دی جائے۔ مملکت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو متنبہ کر دیا گیا ہے کہ اس قسم کی افواہوں کا سعودی عرب سے کوئی تعلق نہیں۔

سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ان امور کا خاص خیال رکھیں کیونکہ دھوکہ باز عناصر کی جانب سے مفت حج و عمرہ پروگرام کا کہہ کر ان سے ذاتی اہم معلومات حاصل کر لی جاتی ہیں جس کے بعد انہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سعودی سفیر نے مزید کہا کہ سفارت خانے کی جانب سے اس قسم کی افواہوں کو پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جس کے لئے متعلقہ اداروں سے معاملات جاری ہیں ۔ جو افراد یا گروہ سادہ لوح مسلمانوں کو عمرہ یا حج کے نام پر انہیں دھوکہ دے رہے ہیں وہ قانون سے بچ نہیں سکیں گے۔

واضح رہے گزشتہ کچھ عرصے سے واٹس اپ پر اس قسم کے پیغامات کافی پھیل رہے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے مفت حج اور عمرہ پیکیج فراہم کیا جا رہا ہے ۔ پیغام میں ایک لنک بھی دیا گیا ہے جس پر کلک کرنے سے جو صفحہ کھلتا ہے اس میں بعض معلومات طلب کی جاتی ہیں جن کے ذریعے ہیکر لوگوں کی تفصیلات حاصل کر لیتے ہیں ۔ پیغام میں ہدایت کی جاتی ہے کہ اس میسج کو کم از کم 10 افراد تک فارورڈ کریں تاکہ آپ عمرہ پیکیج جیت سکیں۔

مزیدخبریں