میڈرڈ :دفاعی چیمپیئن رئیل میڈرڈ اور کرسٹیانو رونالڈو چیمپیئنز لیگ کے حوالے سے ایک بڑے امتحان میں سرخرو رہے جب رئیل میڈرڈ نے ہوم گراونڈ پر ہونے والے میچ میں فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کو ایک کے مقابلے میں3گول سے شکست دے دی۔ کرسٹیانو رونالڈو 2گول کرنے میں کامیاب رہے ۔
رئیل میڈرڈ اور پی ایس جی کا دراصل کرسٹیانو رونالڈو اور فرانسیسی کلب کے برازیلی اسٹار نیمار جونیئر کے درمیان مقابلہ تصور کیا جا رہا تھا تاہم نیمار پہلے مرحلے کے اس میچ میں جادو نہ جگا سکے ۔ اگرچہ پی ایس جی نے ایڈرین ریبیوٹ کے گول کی مدد سے 33ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی تھی تاہم رونالڈو نے پہلا ہاف ختم ہو نے سے قبل میچ برابر کردیا۔مہمان ٹیم کے گیووانی لوسیلو نے رئیل میڈرڈ کے ٹونی کروس کے خلاف باکس میں فاول کیا جس پر ریفری نے رئیل میڈرڈ کو پنالٹی دے دی اور رونالڈو نے اسے گول میں تبدیل کرکے مقابلہ1-1 کردیا۔
دوسرے ہاف میں رونالڈو اور مارسیلو نے 4منٹ میں مزید2گول کرکے ٹیم کی فتح یقینی بنا دی ۔ نیمار جونیئر سمیت کو ئی مہمان کھلاڑی رئیل میڈرڈ کےلئے خطرہ نہیں بن سکا ۔ پیرس میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے میچ میں ہسپانوی کلب زیادہ اعتماد سے اترے گا جبکہ پی ایس جی کےلئے اس میچ میں اتنے بڑے مارجن سے فتح ضروری ہوگی تاکہ وہ مجموعی طور پر زیادہ اسکور کے ذریعے کوارٹر فائنل میں پہنچ سکے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں