کراچی : ماضی کی معروف اداکارہ شبنم نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی اور ترقی کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے، اس حوالے سے اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے بھی تیار ہوں، میرے کام سے اگر پاکستان فلم انڈسٹری کو کوئی فائدہ ہوتا ہے تو ضرور کروں گی، نوجوان نسل کی محبت دیکھ کر دل چاہتا ہے کہ دوبارہ سے فلموں میں کام شروع کردوں۔
ماضی کی معروف فلم اداکارہ شبنم نے کراچی پریس کلب کے پروگرام ”میٹ دی پریس“ سے خطاب کیا، اس موقع پر مصطفی قریشی، کراچی پریس کلب کے صدر سراج احمد، سیکریٹری مقصود یوسفی، پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، سینئرصحافی، کلب کے عہدیداران اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے ادکار بھی موجود تھے۔
شبنم کا کہنا تھا کہ پاکستان فلمی انڈسٹری کی بحالی کیلئے وہ اکیلی کچھ نہیں کرسکتیں، اس کیلئے ٹیم ورک کی ضرورت ہے، آرٹسٹ اور کھلاڑی بہترین سفیر ہوتے ہیں اور ملکوں کے درمیان تعلقات بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اداکارہ اپنے شوہر روبن گھوش کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔