ممبئی: بالی ووڈ کی صف اول کی اداکارہ رانی مکھر جی کے نئے روپ نے دیکھنے والوں کو حیران کردیا ہے۔بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھر جی نے فنی کیرئیر کا آغاز 1997 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’راجا کی آئے گی بارات‘‘ سے کیا لیکن انہیں شہرت فلم’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ سے حاصل ہوئی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کئی فلموں میں اپنے شاندار اداکاری کی بدولت خوب شہرت حاصل کی اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں جب کہ اداکارہ نے کئی سال تک فلم نگری پر راج کیا اور متعدد بلاک بسٹر فلموں میں اداکاری کی جس میں ’’ کہیں پیار نہ ہوجائے‘‘ ، ’’ساتھیا‘‘، ’’چلتے چلتے‘‘ شامل ہیں۔
بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی نے 2009 میں بڑے پردے کے علاوہ چھوٹی اسکرین پر بھی قسمت آزمائی اور رئیلٹی شو میں جج کے فرائض کے علاوہ کئی دستاویزی فلموں میں بھی کردار ادا کیا جب کہ 2011 میں مشہور بھارتی ڈرامے ’’سی آئی ڈی‘‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جسے شائقین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا لیکن اداکارہ چھوٹی اسکرین پر زیادہ کامیابی حاصل نہ کرسکیں اورجلد ہی چھوٹی اسکرین سے غائب ہوگئیں۔