سپریم کورٹ کی جانب سے عدالتی اصلاحات پر عوامی رائے جمع کرنے کے لیے فارم کا اجرا

سپریم کورٹ کی جانب سے عدالتی اصلاحات پر عوامی رائے جمع کرنے کے لیے فارم کا اجرا

اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اصلاحات کے لیے عوامی تجاویز جمع کرنے کے مقصد سے ایک آن لائن فیڈبیک فارم جاری کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوامی خدمات کی بہتری اور عدلیہ کی شفافیت کو فروغ دینا ہے۔

سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سپریم کورٹ بار کے نمائندہ محمد اورنگزیب خان، رجسٹرار محمد سلیم خان اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں چیف جسٹس کو عدالتی اصلاحات پر ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی اور آن لائن فیڈبیک فارم کے ذریعے عوامی رائے اور اسٹیک ہولڈرز کی شراکت داری کی اہمیت پر بات کی گئی۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ چیف جسٹس نے اصلاحات کے مختلف پہلوؤں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی نظام میں مزید بہتری کے لیے اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ اجلاس کا مقصد کیس مینجمنٹ، تربیتی پروگرامز اور فیڈبیک میکانزم کے قیام کا جائزہ لینا تھا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے اس بات پر زور دیا کہ عدالتی اصلاحات کی کامیابی کے لیے ججز، وکلا اور عوام کا تعاون ضروری ہے۔

اس حوالے سے سپریم کورٹ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی تجاویز فراہم کریں تاکہ عدالتی خدمات کی بہتری اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ فیڈبیک فارم سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

مصنف کے بارے میں